Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    جمعرات، 14 جولائی، 2016

    لیگو ثقلی موجی سراغ رساں




    تاہم ابتدائی کائنات سے قابل استعمال معلومات حاصل کرنے کے لئے ہمیں بالواسطہ کے بجائے بلاواسطہ ثقلی موجوں کا مشاہدہ کرنا ہوگا۔ ٢٠٠٣ء میں پہلا کام کرنے کے لائق ثقلی سراغ رساں لیگو ( لیزر تداخل پیما ثقلی موجی رصدگاہ - Laser Interferometer Gravitational-Wave Observatory) میدان عمل میں آیا جس نے ایک دہائی پر مشتمل ثقلی موج کے ذریعہ کائنات کے اسرار کو جاننے کے پرانے خواب کی تعبیر فراہم کی۔ لیگو کا مقصد کونیاتی واقعات کا سراغ لگانا تھا جن کو دیکھنا یا ڈھونڈنا زمینی دوربینوں کے لئے ان کے بہت زیادہ فاصلہ پر ہونے یا بہت ہی زیادہ خفیف ہونے کی وجہ سے ممکن نہ تھا مثلاً منہدم ہوتے بلیک ہولز یا نیوٹران ستارے۔

    لیگو دو دیوہیکل لیزروں پر مشتمل ہے ، ایک ہنفورڈ، واشنگٹن میں ہے جبکہ دوسری لیونگاسٹون پیرش ، لوزیانا میں ہے۔ دونوں جگہ دو پائپ ہیں، ہر ایک کی لمبائی 2.5 میل کی ہے ، یہ پائپ ایک ایل کی شکل کی عظیم الجثہ سرنگ بناتے ہیں۔ ہر سرنگ میں ایک لیزر کو داغا جاتا ہے۔ ایل کے جوڑ پر دونوں لیزر کی شعاعیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور ان کی موجیں ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ عام طور پر اگر کوئی مسئلہ نہ ہو تو دونوں موجیں آپس میں ہم آہنگ ہو جاتی ہیں اس طرح سے ایک دوسرے کا اثر زائل کر دیتی ہیں۔ تاہم جب کوئی چھوٹی سی بھی ثقلی موج کسی منہدم ہوتے ہوئے بلیک ہولز یا نیوٹران ستاروں سے خارج ہوتی ہے اور اس آلے سے ٹکراتی ہے تو یہ ایک بازو کو سکیڑتی اور دوسرے کو بازو کو مختلف انداز سے پھیلاتی ہے۔ یہ اثر اتنا ہوتا ہے کہ لیزر کی شعاعوں کی نازکی پر اثر انداز ہو جائے۔ نتیجتاً دونوں شعاعوں بجائے ایک دوسرے کو زائل کریں ایک موج جیسے تداخلی نمونے کی خاصیت کو پیدا کرتی ہیں جس کا تجزیہ کمپیوٹر کے ذریعہ مفصل طور پر کیا جا سکتا ہے۔ جتنی بڑی ثقلی موج ہوگی اتنا ہی بڑا دونوں لیزر کی شعاعوں کے درمیان ہونے والی موزونیت میں فرق ہوگا اور تداخلی نمونہ بھی اتنا ہی بڑا ہوگا۔ لیگو ایک انجینئرنگ کا معجزہ ہے۔ کیونکہ ہوا کے سالمات لیزر کی روشنی کو جذب کر سکتے ہیں، لہٰذا سرنگ میں ضرورت اس بات کی ہوتی ہے کہ فضائی دباؤ کو ایک کھرب گنا کم کیا جائے۔ ہر سراغ رساں 3 لاکھ کیوبک فٹ کی جگہ گھیرتا ہے مطلب کہ دنیا میں سب سے بڑا خلاء لیگو میں موجود ہے۔ لیگو کو یہ حساسیت دینے میں ایک بڑا حصّہ آئینوں کے استعمال کا ہے جن کو چھوٹے مقناطیسوں سے قابو کیا جاتا ہے ، یہ تعداد میں چھ ہیں اور ہر ایک کا حجم چیونٹی کے جتنا ہے۔ آئینوں کو اتنا چمکایا جاتا ہے کہ یہ ایک انچ کے 30 ارب حصّے میں سے بقدر ایک کے درست ہوتا ہے۔ "ذرا تصوّر کریں کہ اگر زمین اتنی ہموار ہو تو پہاڑوں کی اوسط اونچائی ایک انچ سے زیادہ نہیں ہوگی۔" گیری لن بلنگسلے کہتے ہیں جو آئنوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ یہ اتنے حساس ہیں کہ ان کو ایک میٹر کے دس لاکھویں حصّے سے بھی کم حرکت دی جا سکتی ہے اس طرح سے لیگو کے یہ آئینے دنیا کے سب سے زیادہ حساس آلات بن جاتے ہیں۔ "اکثر نظام کو منضبط کرنے والے انجینیروں کا منہ اس وقت کھلا رہ جاتا ہے جب ان کو معلوم ہوتا ہے کہ ہم کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔" لیگو کے سائنس دان مائیکل ذکر کہتے ہیں۔

    کیونکہ لیگو کو انتہائی نفاست کے ساتھ توازن میں رکھا گیا ہے لہٰذا یہ کبھی کبھار غیر متوقع ذرائع سے آنے والی بن بلائی ارتعاشوں کی وجہ سے متاثر ہو جاتا ہے۔ لوزیانا میں موجود سراغ رساں کو دن میں نہیں چلایا جا سکتا کیونکہ دن میں اس جگہ سے 1500 فٹ کے فاصلے پر درختوں کی کٹائی جاری ہوتی ہے۔( لیگو اس قدر حساس ہے کہ اگر درختوں کی کٹائی ایک میل دور بھی ہو رہی ہو تب بھی اس کو دن کے وقت نہیں چلایا جا سکتا۔) یہاں تک کہ رات میں اور صبح ٦ بجے بھی مال گاڑیوں کے پاس سے گزرنے کی وجہ سے بھی لیگو کے پاس مسلسل کام کرنے کے لئے بہت ہی قلیل وقت ہی بچتا ہے۔ یہاں تک کہ میلوں دور ساحل سے ٹکرانے والی لہر بھی نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ سمندری لہریں شمالی امریکا کے ساحل سے اوسطاً ہر چھ سیکنڈ میں ٹکراتی ہیں اور اس کی وجہ سے پست غراہٹ پیدا ہوتی ہے جس کو لیزر پکڑ لیتی ہے۔ شور کا تعداد ارتعاش اس قدر کم ہوتا ہے کہ اصل میں یہ زمین میں سے بھی گزر جاتی ہے۔ "اس کا احساس گرج کی طرح ہوتا ہے۔ لوزیانا کے سمندری طوفانوں کے موسم میں یہ صحیح کا سر درد بنی رہتی ہیں۔" ذکر اس مدو جذر کے شور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں ۔ لیگو چاند اور سورج کی وجہ سے زمین پر پیدا ہونے والے مدو جذر سے بھی متاثر ہوتی ہے جس سے ایک انچ کے دسیوں لاکھوں حصّے میں خلل پیدا ہوتا ہے۔ 

    ان ناقابل تصوّر چھوٹے تداخلوں سے بچنے کے لئے لیگو کے انجنیئروں نے آلے کو ماحول سے الگ تھلگ رکھنے کے لئے غیر معمولی کاوشیں کی ہیں۔ ہر لیزر کا نظام چار بے داغ اسٹیل کے پلیٹ فارم کے اوپر رکھا ہوا ہے ، یہ ایک کے اوپر ایک رکھے ہوئے ہیں، ہر سطح کو اسپرنگ کی مدد سے الگ کیا ہوا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ارتعاش کو ختم کر دے۔ حساس بصری آلات میں سے ہر ایک کے پاس اپنا خود کا لرزش سے بچنے کا نظام موجود ہے، فرش کو ٣٠ انچ موٹے کنکریٹ سے بنایا گیا ہے جس کو دیواروں سے نہیں جوڑا گیا۔

    لیگو اصل میں ایک بین الاقوامی شراکت ہے جس میں پیسا ، اٹلی میں واقع فرانسی – اطالوی سراغ رساں مشین ورگو، ٹوکیو سے باہر جاپانی سراغ رساں ٹاما، اورہین اور جرمنی میں واقع برطانوی - جرمن سراغ رساں GEO600 شامل ہے۔ کل ملا کر لیگو کو بنانے کی حتمی لاگت ٢٩ کروڑ ٢٠ لاکھ امریکی ڈالر (جبکہ ٨ کروڑ امریکی ڈالر اس کو بہتر کرنے میں خرچ ہوں گے) یوں یہ نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کا سب سے مہنگا منصوبہ بن گیا ہے۔

    اپنی تمام تر حساسیت کے باوجود اکثر سائنس دان سمجھتے ہیں کہ لیگو اس قدر حساس نہیں ہے کہ یہ اپنے حیاتی دور میں حقیقی قسم کے واقعات کی کھوج کر سکے۔ لیگو دوم 2007ء میں بنانے کی منصوبہ بندی ہے بشرطیکہ اس کے لئے پیسے مل جائیں۔ اگر لیگو کسی قسم کی ثقلی موجوں کا سراغ نہیں لگا پاتی تو شاید لیگو دوم لگا لےگی۔ لیگو کے سائنس دان کینتھ لبریچٹ کا دعویٰ ہے کہ لیگو دوم میں حساسیت کو ایک ہزار گنا زیادہ بہتر کرلیا جائے گا: " آپ دس برسوں میں ایک واقعہ (کے سراغ لگانے) سے چلے ہیں جو بہت ہی تکلیف دہ بات ہے تاہم آپ اس سے ہر تین دن میں کسی واقعہ کا سراغ لگا لیں گے جو کافی اچھی بات ہے۔"

    لیگو کے لئے دو بلیک ہولز کے تصادم (30 کروڑ نوری برس کے اندر) کے سراغ لگانے کے لئے ایک سائنس دان کو ایک برس سے ایک ہزار برس تک کا انتظار کرنا ہوگا۔ کافی سائنس دان لیگو کے ذریعہ واقعات کی تفتیش کے بارے میں دوسرے طریقے سے سوچتے ہیں یعنی ان کے پڑ پوتے کے پڑ پوتے شاید اس واقعہ کا مشاہدہ کر سکیں۔ تاہم جیسا کہ لیگو سائنس دان پیٹر سولسن کہتے ہیں ، " لوگ اس طرح کے تیکنیکی مسائل سے نمٹے میں سرور حاصل کرتے ہیں بعینہ جیسے کہ قرون وسطیٰ کے کلیسا کو بنانے والے اس بات کو جاننے کے باوجود کہ یہ اس کو مکمل ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکیں گے اس کو بنانا جاری رکھتے ہیں۔ تاہم اگر میری زندگی میں ثقلی موجوں کو دیکھنے کا کوئی موقع نہیں ہے تو میں اس میدان میں نہیں آتا۔ یہ کوئی شریفانہ بخار نہیں ہے ۔۔۔۔۔ جس درستگی کو حاصل کرنے کے لئے ہم جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں اگر آپ اس کو جاری رکھیں گے تو آپ صحیح راہ پر ہیں۔" لیگو دوم کے ساتھ امید ہے کہ ہم ایک اصلی دلچسپ واقعہ کو اپنی زندگی میں ہی دیکھ لیں گے۔ لیگو دوم شاید منہدم ہوتے ہوئے بلیک ہولز کا سراغ 6 ارب نوری برس کے بڑے فاصلے سے بھی دس واقعات فی دن سے لے کر دس واقعات فی برس کی شرح سے لگا لے گا۔ تاہم لیگو دوم اس قدر طاقتور نہیں ہوگا کہ وہ تخلیق کے فوراً بعد سے خارج ہوتی ہوئی ثقلی موجوں کا سراغ لگا سکے۔ اس کے لئے ہمیں پندرہ سے بیس برس تک لیزا کا انتظار کرنا ہوگا۔
    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: لیگو ثقلی موجی سراغ رساں Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top