Prevention of Copy Paste


  • تازہ اشاعتیں

    اتوار، 23 اپریل، 2017

    ضد زا - انٹی جن

    Antigen
    (انٹی جن)
    قدیم رومی سلطنت کے باشندوں کو اپنی حکومتوں کو کچھ”تحفے“ دینے پڑتے تھے۔ یہ تحفے نقدی کی شکل میں بھی ہو سکتے تھے (جیسا کہ آج ہم مختلف قسم کے ٹیکس ادا کرتے ہیں) یا خدمات کی صورت میں بھی ہو سکتے تھے (جیسے آج کے دور میں عسکری خدمات لی جاتی ہیں)۔ البتہ کچھ شہریوں کو کسی بھی وجہ سے اس جبری تحفے سے مستثنی کر دیا جاتا تھا جس طرح آج کے زمانے میں کچھ اداروں کو ٹیکس معاف ہوتا ہے اور کچھ لوگوں کو فوجی خدمات سے بری کر دیا جاتا ہے۔

    اس قسم کی خدمات یا احسانات کے لیے لاطینی میں "munia" کا لفظ آتا ہے۔ نیز لاطینی ہی میں"im" کا سابقہ ”نہیں‘‘ کے معنوں میں آتا ہے چنانچہ جس شخص سے نقدی یا خدمات کے ایسے مخصوص تحفے کی امید نہیں ہوتی تھی، اسے لاطینی میں "immunis" کہا جاتا تھا۔ انگریزی میں یہ لفظ Immunity کی شکل میں آگیا۔

    یہ تو سب کومعلوم ہے کہ جو آدمی ایک دفعہ چیچک یا اسی طرح کی کسی دوسری بیماری کے بعد صحت یاب ہو جائے تو پھر یہ بیماری اسے دوسری مرتبہ کبھی لاحق نہیں ہو گی وہ اس بیماری سے مامون (immune) ہو چکا ہوگا۔

    آدمی کے جسم کو یہ immunity (مامونیت) اس وقت حاصل ہوتی ہے جب یہ جسم کی بیماری کے پہلے حملے کے خلاف لڑنے کی کوشش کرتا ہے۔تب خون میں پروٹین کے مخصوص مالیکیول بننا شروع ہوتے ہیں جن کی بناوٹ خاص طور پر کچھ ایسی ہوتی ہے کہ یا تو یہ بیماری کے جراثیم سے ملاپ کرکے انہیں بے ضرر بنادیتے ہیں یا یہ اس جراثیم کے پیدا کئے گئے ان زہریلے مرکب سے ملاپ کر کے اس کے اثر کو ختم کردیتے ہیں (جراثیوں کے پیدا کیے گئے ان زہریلے مرکبات کو toxins کہا جاتا ہے۔ یہ لفظ یونانی زبان کے "toxon" سے آیا ہے جس کے معنی”کمان“ ہیں۔ دراصل اس زمانے میں تیروں کو ایک ایسے زہر میں بجھایا جاتا تھا جس کو یونانی "toxicon pharmakon" یعنی "کمان کا زہر" کہتے تھے)-

    جراثیموں سے لڑنے والے پروٹینز، انسان کے چیچک جیسی بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد بھی ، خون میں موجود رہتے ہیں اور دوسری دفعہ جب بھی یہ بیماری آدمی پرحملہ آور ہوتی ہے تو پہلے سے تیار شدہ یہ دفاعی فوج فوراً اس کا مقابلہ کرکے اسے ختم کردیتی ہے۔ ان پروٹینز کو antibodies کہا جاتا ہے۔ یہ لفظ اصل میں یونانی "anti"(ضد مخالف) اور body (جسم) کا مجموعہ ہے۔ کیونکہ یہ ایسے اجسام (یعنی مادے یا مرکبات) ہیں جنہیں جسم جراثیموں کے خلاف بناتا ہے۔ یہ جراثیم یا ان کا زہر (یا کوئی بھی چیز جو جسم میں antibody کی پہلی مرتبہ تشکیل کا سبب بنے) antigen کہلاتے ہیں۔ اس میں آنے والا "gen" کے یونانی لاحقے کا مطلب ”پیدا کرنا‘‘ ہے اس لیے انہیں ضد جسم زا یعنی ضد جسم (Antibody) پیدا کرنے والا کہا جاتا ہے۔
    • بلاگر میں تبصرے
    • فیس بک پر تبصرے

    0 comments:

    Item Reviewed: ضد زا - انٹی جن Rating: 5 Reviewed By: Zuhair Abbas
    Scroll to Top