ہر چیز، ہر جگہ سائنس موجود ہے، ہر بچہ اپنی ذہنی استعداد کے مطابق ایک سائنس دان ہوتا ہے، ان کی ذہنی استعداد کو کس طرح سے بہتر کیا جائے اس کے لئے اپنے بچوں کو سواالت پوچھنے کی ترغیب دیں، بچوں سے بات کریں کہ چیزیں کیسی نظر آتی، محسوس ہوتی، ہیں، ان کی بو، آواز اور ذائقہ کیسا ہے۔ مختلف چیزیں کیسے کام کرتی ہیں وہ کیسے ان کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھ سکتے ہیں۔
بچوں کے لئے گھر پر سائنس میں دلچسپی کا سامان پیدا کریں، بچوں کو اپنے کاموں اور مشغلوں میں ساتھ رکھیں ان کی آبیاری کریں انہیں کندن بنائیں۔
مائیں کھانا پکائیں تو بچوں کو بتائیں کہ پکانا کیمیا ہے!
ایک گھریلو پودا لیں اور بچوں کو اس کی دیکھ بھال کرنے کا طریقہ بتائیں۔بچوں کو مقناطیس اور فلیش لائٹس سے کھیلنے دیں۔باتھ ٹب میں جو چیز ڈوبتی اور تیرتی ہے اس بارے میں بات کریں۔چلتے پھرتے سائنس کے بارے میں دلچسپی پیدا کریں، انہیں حیران ہونا سکھائیں۔ موسموں کے دوران باہر کی چیزیں جس طرح تبدیل ہوتی ہیں اس بارے میں بات کریں۔
جب آپ چہل قدمی کیلئے جاتے ہیں اس وقت آپ جو کچھ دیکھتے اور سنتے ہیں اس بارے میں بات کریں۔پارک، چڑیا گھر، سائنس میوزیم، یا نباتاتی باغیچے میں سائنس کے بارے میں سکھائیں۔گھر لائبریری میں سائنسی موضوعات میں اضافہ کریں۔
بچوں کے سوالوں کے جوابات کتابوں میں یا کمپیوٹر پر تلاش کریں۔حیوانات، موسم، اور بیرونی فضا کے بارے دلچسپ رنگا رنگ کتابیں ڈھونڈیں۔اپنے لائبریرین سے مدد طلب کریں یا انٹرنیٹ پر موجود معلومات تک رسائی ممکن بنائیں۔
گھر کی کھڑکی یا گیلری میں ایک ننھا باغیچہ اگائیں! کسی بھی قسم کی خشک پھلی رات بھر پانی میں بھگوئیں۔ پانی میں بھگوئی ہوئی پھلیوں کو ایک صاف، چھوٹے، پلاسٹک کے تھیلے میں ایک گیلے کاغذی تولیے کے ساتھ رکھیں۔اس تھیلے کو دھوپ والی کھڑکی پر باندھ دیں اور یقینی بنائیں کہ کاغذی تولیہ گیلا رہے۔آپ کے پاس جلد ہی اپنی کھڑکی یا گیلری سے اگتا ہوا پھلی کا ایک پودا ہوگا۔
آپ اپنے بچوں کے اولین استاد ہیں۔ آپ اسکول کیلئے تیار ہونے میں اپنے بچوں کی مدد کرسکتے ہیں۔
پہلے پانچ سال ویب سائٹ پر ویڈیوز، کھیل کود سے متعلق نکات، گانے اور ہم قافیہ جملے وغیرہ تلاش کر کے بچوں کی بھرپور طریقے سے رہنمائی کیجئے۔ انہیں حیران ہونا، تجسس میں مبتلا ہونا اور فطرتی عوامل کی پیچیدگیوں سے روشناس کروائیں۔ ان کو قدرتی مظاہر کے بارے میں معلومات دیجئے۔ دنیا، نظام شمسی اور کائنات کے دیگر رازوں سے ایک حیرت کدے میں لا کھڑا کیجئے۔ آپ کے بچے دنیا کا مستقبل ہیں۔ ان میں چیزوں کو سمجھنا کا تجسس پیدا کریں۔ ان کو آنے والے وقت سے ہم آہنگ اور شانہ بشانہ چلنے کے لئے تیار کیجیے کیونکہ زمانے کے ساتھ چلنے کے لئے جو کام آج آپ نہیں کریں گے وہ آنے والے وقتوں میں آپ کی نسل میں سے کسی اور کو کرنا ہی پڑے گا۔ لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوگی۔
ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی ہم نے اپنا تھوڑا سا حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔
(ماخوذ: اس پوسٹ کے زیادہ تر مندرجات فیس بک پر موجود اردو میں سائنس کی ترویج کے لئے قائم کردہ ایک صفحہ سے لئے گئے ہیں)
0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں